
حکومت کا ہر دن عوام کے لئے نئےعذاب کا باعث بن رہا ہے ، ترجمان مسلم لیگ (ن)
لاہور:
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت کا ہر دن عوام کے لئے نئے عذاب کا باعث بن رہا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے پاکستان میں آئی ایم ایف کا باضابطہ دفتر کھول دیا ہے، ڈاکٹر رضا باقر کو اسٹیٹ بنک کا گورنر بنایا گیا ہے جو 2000 سے آئی ایم ایف کے ملازم ہیں، وزیراعظم نالائق اور نااہل ہے، وزیر خزانہ آئی ایم ایف کا لگانے کے بعد اسٹیٹ بینک کا گورنر بھی آئی ایم ایف کا لے آئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر رضا باقر ملکوں کو قرضے کی غلامی میں رکھنے کی مہارت رکھتے ہیں، ان کی تقرری اس امر کی تصدیق ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی قرض اصلاحات اور ری اسٹرکچرنگ کے نظام کو لایا جارہا ہے، پاکستان کے اعلیٰ ترین مذاکرات کاروں کو برطرف کرکے آئی ایم ایف کے ملازمین کو پاکستان کے خزانے کی چابی دے دی گئی ہے، اب اسٹیٹ بینک پر آئی ایم ایف کا قبضہ ہوگیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب! آپ نے خود دار اور غیرت مند قوم کی عزت نیلام کرنے سمیت ملک کی آزادی اور خود مختاری بھی گروی رکھ دی ہے، آپ کی حکومت کا ہر دن عوام کے لئے نئے عذاب کا باعث بن رہا ہے، رمضان المبارک سے پہلے پٹرول کی قیمت میں 9 روپے کا اضافہ بھی آئی ایم ایف کے حکم پر کیا گیا ہے۔