رمضان سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ادارہ شماریات

اسلام آباد:  رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر ساڑھے 9 فیصد، پیاز ساڑھے 5 فیصد مہنگے ہو گئے، پھلوں کے ریٹ تو آسمان پر جا پہنچے ہیں۔

ماہ صیام سے پہلے گراں فروشوں نے اندھیر مچا دیا۔ پھل، سبزی، دال اور گوشت سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا۔ بازار میں آلو 120 روپے پانچ کلو، پیاز 320 روپے پانچ کلو تک جا پہنچے۔ لہسن 212 روپے کلو، ٹماٹر 60 روپے کلو ہو گئے۔ مہنگائی کے طوفان نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے۔

سبزیوں کی طرح پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ سیب 150 روپے کلو، کیلا 160روپے درجن، خربوزہ 70 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ افطاری کا سب سے اہم جزو کجھوریں 200 سے350 روپے کلو مل رہی ہیں۔ گراں فروشوں کی من مانی پر انتظامیہ سے بات کرنے کی کوشش کی تو حکام نے اپنا موقف دینے سے انکار کر دیا۔

رمضان کا مہینہ آتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو جاتا ہے، ضروری اشیا مہنگی ہونے سے پریشان شہریوں نے اپیل کی ہے کہ چیزوں کو سستا کیا جائے۔

Comments
Loading...