
قطر کا فلسطینیوں کے لیے 48 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان
دوحہ:
قطر کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے 480 ملین ڈالرز کی امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے شدید مالی مشکلات کی شکار فلسطینی انتظامیہ کی معاونت کے لیے 480 ملین ڈالرز کی امدادی رقم مختص کی ہے، یہ رقم تعلیم، صحت اور فوری انسانی ضروریات کی فراہمی کی مد میں استعمال کی جائیں گی۔ فلسطین میں پناہ گزین کیمپوں میں تعلیم، صحت اور دیگر ضروریات زندگی کے فقدان کا سامنا ہے۔
قطر نے فلسطین کو فوری مالی امداد کا اعلان امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین کو رقم کی فراہمی کی بندش کے بعد کیا ہے، امریکا نے فلسطینی پناہ گزینوں کو دی جانے والی تمام تر امداد ختم کردی تھی جب کہ اسرائیل نے فلسطینی علاقے سے حاصل ہونے والے محصولات دینا بند کردی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکی صدر نے بیت المقدس میں کام کرنے والے 6 اسپتالوں کو دی جانے والی امداد میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی کٹوتی کر دی تھی جب کہ اس سے قبل اکنامک فنڈز سپورٹ کے 200 ملین ڈالر اور اونرا کو دی جانے والی امداد کو بھی روک دیا گیا تھا۔