
شاہینوں کے برسٹول میں ڈیرے، آج پریکٹس کل تیسرا ون ڈے کھیلیں گے
لندن: قومی شاہینوں نے برسٹول میں ڈیرے جما لیے، آج پریکٹس میں پسینے بہائیں گے، کل سیریز کے تیسرے ون ڈے میں اونچی اڑان دکھائیں گے، ساوتھمپٹن ون ڈے ہائی سکورنگ میچ دیکھنے والوں نے بڑے مقابلے کی امیدیں لگا لیں۔
مشن ورلڈکپ کی تیاریاں تیز ہو گئیں، قومی کھلاڑی برسٹول پہنچ گئے، آج مشقیں ہوں گی اور بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ میں جان ماریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا تیسرا ون ڈے کل (منگل) کو شیڈول ہے، پاکستان اور انگلش ٹیمیں سہ پہر پانچ بجے مدمقابل ہوں گی۔
افتتاحی مقابلے میں بارش برسی، سارے ارمانوں پر پانی پھیر گئی۔ دوسرے میچ میں بلے بازی کے رنگ، خوب دھڑکا، چھکا چوکا لگا، میچ ہائی سکورنگ ہوا، تین سو تہتر کے جواب میں قومی شاہینوں کی اونچی اڑان، تین سو اکسٹھ تک جا پہنچے۔
بارہ رنز سے شکست کھانے لیکن ہمت نہ ہارنے والے کھلاڑیوں نے میزبان ٹیم سمیت حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ برسٹول کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہوں گی، گرین شرٹس نے تاریخ رقم کرنے کے خواب آنکھوں میں سجا لیے۔