
تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ
برسٹل: تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور گرین شرٹس نے اب سے کچھ دیر قبل تک چھ اوورز میں 2 وکٹوں پر 38 رنز بنا لیے ہیں۔
قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ ہوا اور اوپننگ جوڑی 7 رنز پر ٹوٹ گئی، پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے فخر زمان اس بار فیل ہوگئے اور صرف 2 رنز پر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج برسٹل میں کھیلا جارہا ہے اور انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے یاسر شاہ کی جگہ جنید خان کو شامل کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم انگلینڈ نے 12رنز سے پاکستان کو شکست دی۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے، بیماری کی تصدیق ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم 5 روز مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔