انوشکا شرما خوفناک ‘پری’ کیسے بنیں؟

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما اپنی نئی فلم ’پری: ناٹ آ فیری ٹیل‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اب اداکارہ نے اس راز سے بھی پردہ اٹھا دیا ہے کہ فلم میں نظر آنے والے ان کے خوفناک روپ کے پیچھے آخر کس کا ہاتھ ہے؟

انوشکا شرما نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کی میک اپ آرٹسٹ ان کے نئے اور خوفزدہ کردینے والے روپ کے بارے میں بتا رہی ہیں۔

میک اپ آرٹسٹ کلور ووٹون نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کی انوشکا سے ملاقات تب ہوئی جب وہ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ کام کر رہی تھیں، اس وقت انوشکا کو ان کا کام بے حد پسند آیا اور اداکارہ نے ان کا نمبر لے کر فلم ‘پری’ کے ہدایت کار پروست رائے کو دے دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میک اپ کرنا ایک فن ہے اور انوشکا کے میک اوور میں بہت مزہ آیا کیونکہ ان کی جلد انتہائی عمدہ ہے یہاں تک کہ وہ میک اپ کے بغیر بھی بہت خوبصورت نظر آتی ہیں’۔

انوشکا کی میک اپ آرٹسٹ کا مزید کہنا تھا کہ جب انہوں نے پہلی دفعہ انوشکا کو فلم ‘پری’ کے کردار رخسانہ میں تبدیل کیا تو پروست رائے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے خوب داد دی۔

کلور ووٹون کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ وہ انوشکا کو حقیقت سے قریب اور ایسا خوفناک روپ دیں کہ جس میں ان کی معصومیت بھی جھلکے۔

واضح رہے کہ ‘پری’ انوشکا کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی تیسری فلم ہے اس سے قبل وہ فلم ‘این ایچ 10’ اور فلم ‘فلوری’ بھی بنا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ فلم ’پری‘ کل 2 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

Comments
Loading...