
غیرملکی قرضوں کی سنچری مکمل، 106 ارب ڈالر تک پہنچ گئے
کراچی: کپتان کی سربراہی میں غیرملکی قرضوں کی سینچری مکمل ہوگئی، بیرونی قرضے 106 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
کشکول توڑنے کے دعوے اور خود انحصاری کے بھرم ، صرف الیکشن کے نعروں کی حد تک ہی رہے۔ کپتان کی سربراہی میں غیرملکی قرضوں کی سینچری مکمل ہوگئی، غیرملکی قرضے 106 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، پی ٹی آئی حکومت اقتدار میں آئی تو غیرملکی قرضوں کا حجم 96 ارب ڈالر تھا،
سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2018 سے قرضوں میں 10 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا یعنی موجودہ حکومت نے ہر ماہ اوسط 1 ارب 25 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق غیرملکی سرمایا کاری میں کمی، ٹیکس محصولات کا ہدف سے کم ہونا، برآمدات میں سست روی اور قرضوں کی ادائیگیوں کے باعث جاری کھاتوں کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ضرورت کو پورا کرنے کی خاطر حکومت مختلف زرائع سے قرض لے رہی ہے۔