ڈسپلے کے اندر نصب فنگرپرنٹ سنسر والا پہلا فون

ویوو کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والے جدید خصوصیات کا حامل موبائل فون 24 جنوری کو فروخت کیلئے پیش ہوگا

بیجنگ :چینی کمپنی ویوو دنیا کا پہلا ڈسپلے کے اندر فنگرپرنٹ سنسر کی صلاحیت رکھنے والے فون کو 24 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کررہی ہے۔ ایکس 20 پلس نامی یہ فلیگ شپ فون بیجنگ میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔ یہ وہی فون ہے جس کا پروٹو ٹائپ گزشتہ دنوں لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر الیکٹرونکس شو کے دوران رکھا گیا تھا۔ یہ 6.43 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے والا فون ہے جس میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیا گیا ہے اور 0.7 سیکنڈ میں انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عام طور پر دیگر کمپنیوں کے فونز میں فنگر پرنٹ اسکینر ہوم بٹن کے اندر یا بیک پر دیا جاتا ہے مگر یہ پہلا فون ہے جس میں یہ سکرین کے اندر دیا گیا ہے۔ ویسے چینی کمپنی ایکس 20 پلس کے نام سے گزشتہ سال ستمبر میں بھی ایک فون پیش کرچکی ہے مگر اب اسے اپ ڈیٹ کرکے دوبارہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس میں سنیپ ڈراگون 660 پراسیسر، فور جی بی ریم، 128 جی بی سٹوریج جبکہ بیک پر بارہ اور پانچ میگا پکسل کے ڈوئل کیمرہ سیٹ کے ساتھ ہوگا، فرنٹ پر بھی بارہ میگا پکسل کیمرہ دیا جائے گا۔

اس طرح چینی کمپنی نے ایپل اور سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو کافی عرصے سے اس ٹیکنالوجی کو اپنے فونز میں متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایپل نے تو آئی فون ایکس کے لیے بھی اس کی بھرپور کوشش کی مگر اس وقت کامیاب نہیں ہوسکی، جبکہ سام سنگ بھی گلیکسی نوٹ ایٹ یا اگلے ماہ گلیکسی ایس نائن میں اس حوالے سے ناکام رہا۔ یہ فون 624 ڈالرز کے عوض (لگ بھگ 70 ہزار پاکستانی روپے) میں چین میں فروخت کیا جائے گا تاہم دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

Comments
Loading...