پی ایس ایل 3: ملتان کا ٹاکرا کراچی اور قلندرز اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

شارجہ: پاکستان سپر لیگ میں آج مزید 2 میچز کھیلے جائیں گے، ملتان سلطانز کا مقابلہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل تھری کا گیارہواں میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں مدمقابل نہیں آئیں اور شارجہ میں پہلے ٹاکرے میں جیت کے لئے دونوں ٹیموں کے کپتان پرامید ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کے پاس بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تمام ہی شعبوں کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، بیٹنگ میں کمار سنگاکارا، احمد شہزاد اور صہیب مقصود جیسے پاورفل ہٹر کے ساتھ بولنگ میں عمران طاہر، جنید خان، عمر گل اور سہیل تنویر جیسے قابل بھروسہ بولروں کی خدمات حاصل ہیں۔

اسی طرح کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کوئی میچ نہیں ہاری، عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز میں بھی بڑے نام موجود ہیں، بابراعظم، روی بوپارا، جوئے ڈینلے، شاہد آفریدی، ٹائمل ملز اور محمد عامر ان کے بڑے ہتھیار ہوں گے۔

آج کا دوسرا میچ

پاکستانی وقت کے مطابق آج ایونٹ کا دوسرا میچ رات 9 بجے لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، برینڈن میکولم کی قیادت میں لاہور قلندرز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میکولم الیون میں فخر زمان، عمراکمل، سنیل نارائن، عامر یامین، حسن علی اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑی شامل ہیں جب کہ کپتان اپنے چوتھے میچ میں کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے پاس بھی بڑے ہتھیار موجود ہیں جن میں الیکس ہیلز، سیم بلنگ، جے پی ڈومنی، حسین طلعت، آندرے رسلز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع اور رومان رئیس شامل ہیں۔

Comments
Loading...