وفاقی حکومت میں موجود مخصوص ذہنیت نے سی پیک کو متنازع بنایا، مواصلات کمیٹی

 سینیٹ قائمہ کمیٹی مواصلات نے قراردیاہے کہ وفاقی حکومت میں موجود مخصوص ذہنیت نے جان بوجھ کر پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنایا۔

بلوچستان، فاٹا، سندھ اور جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کیلیے نہ تو کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع کیاجاسکا او رنہ ہی کسی بڑے منصوبے کیلیے ترقیاتی فنڈز جاری ہوئے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے فنڈز سے تعمیرکردہ شاہرات کو پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ قرار دیا جاتا رہا اور سالانہ ترقیاتی فنڈز بھی چھوٹے صوبوں اور جنوبی پنجاب کیلیے جاری نہیں کیے گئے۔

حکومت کیطرف سے پسماندہ علاقہ جات پر عدم توجہ کیوجہ سے یہ تاثر یقین میں بدلتا جارہاہے کہ وفاقی حکومت کا قدرتی وسائل سے مالا مال پسماندہ علاقہ جات کی ترقی اور بیروزگار نوجوانوںکو روزگارکی فراہمی پر توجہ نہیں دے رہی۔

اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر داود اچکزئی کی زیرصدارت ہوا۔کمیٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر ترجیح بنیادوں پر ترقیاتی کام شروع کرنیکی کمیٹی کے ہر اجلاس میں سفارش اورہدایت کے باوجود عمل نہ کرنے پرتشویش کا اظہار کرتے کہاکہ پسماندہ علاقہ جات کی ترقی کیلیے شروع کیے گئے پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے میں مغربی روٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ سفارشات پر عمل تودر کنار حکومت کی یقین دہانیوں اور وعدوں اور سرکاری اعلانات کے باوجود مغربی روٹ کی پاک چین اقتصادی راہداری کیلیے ایک انچ زمین بھی سرکاری طورپر حاصل نہ کی جا سکی۔

چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ موٹر وے پولیس میں بھرتیوں پر مقامی نوجوانوں کو تعلیم اور عمر میں رعایت دیکرزیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیے جائیں او ربھرتیاں موٹرویز کی لمبائی کی بنیاد پر مقامی افراد سے کی جانی چاہیے۔

وزارت مواصلات ،پوسٹل سروسز،آئی جی موٹر وے پولیس،چیئرمین این ایچ اے حکام نے چیئرمین کمیٹی کووزارتوں اور محکمہ جات کے مسائل کے حل اورقانون سازی میں مدد پر شیلڈز دیں، چیئرمین این ایچ اے نے بتایا کہ باجوڑ ژوب جنڈولا شاہراہ کی فزبلٹی مکمل ہوچکی ہے۔ تمام قبائلی ایجنسیوں پر مشتمل 9 سوکلومیٹر فاٹا ایکسپریس وے بنائی جائیگی۔

کمیٹی نے ہدایت دی کہ پوسٹل سروسز کے پینشنر ز کو سالانہ بجٹ میں سے الگ بجٹ جاری کیا جائے، اجلاس میں سینیٹرز سجاد طوری، یوسف بادینی ، شاہ زیب درانی ،لیاقت ترکئی، احمد حسن ، سعید مندوخیل کے علاوہ سیکرٹریز مواصلات ، پوسٹل سروسز،خزانہ اور چیئرمین این ایچ اے، ڈی جی پوسٹل سروسز نے شرکت کی۔

Comments
Loading...