اب میز اور کرسی بھی روبوٹ سے بنوائیں

میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے ایک ماہر نے بڑھئی حضرات کو خطرات سے بچانے کےلیے لکڑی کاٹنے والا روبوٹ بنایا ہے جو نہ صرف حادثات سے بچاتا ہے بلکہ آپ کےلیے حسبِ خواہش فرنیچر بھی ڈیزائن کرسکتا ہے۔

جیفری لپٹن کو یہ روبوٹ بنانے کا خیال اس وقت آیا جب وہ ایک بڑھئی کے پاس سیکھنے کی غرض سے گئے تو اس بڑھئی نے حادثاتی طور پر اپنی انگلی کاٹ ڈالی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیفری نے اپنی ٹیم کی مدد سے روبوٹ بنائے ہیں جو لکڑی کے شیڈ، میز اور کرسی تیار کرسکتے ہیں۔

جیفری لپٹن کہتے ہیں کہ اس روبوٹ کا مقصد لوگوں کو لکڑی کاٹنے کے دوران ہونے والے حادثوں سے بچانا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ ازخود لکڑی کے تختے کا ناپ لیتا ہے اور اسے احتیاط سے کاٹتا ہے۔ اس کا سافٹ ویئر کئی طرح سے فرنیچر ڈیزائن کرنے میں مدد دیتا ہے۔

خاص طور پر پروگرام کردہ روبوٹ ازخود لکڑی کے ٹکڑے کاٹتے ہیں اور انہیں جوڑتے ہیں اور اس کی بدولت آپ من پسند فرنیچر بناسکتے ہیں جس کا سارا کام روبوٹ انجام دیتے ہیں۔

Comments
Loading...