
لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 3 میں مسلسل پانچویں شکست، پشاور زلمی کامیاب
کامران اکمل کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے باآسانی لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 100 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
101 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بغیر کسی نقصان کے اسے 14ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
کامران اکمل 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تمیم اقبال نے 37 رنز بنائے۔ لاہور کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں شکست تھی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 100 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قلندرز کا آغاز شاندار تھا۔ فخر زمان اور برینڈن میکلم نے وکٹ کی چاروں طرف اسٹروکس کھیل پر اسکور کو تیزی نے 42 رنز تک پہنچادیا۔
تاہم حسن علی نے برینڈن میکلم کی وکٹ حاصل کرکے پشاور زلمی کو پہلی کامیابی دلوادی۔
اس کے بعد لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے وکٹیں کھونے کا سلسلہ شروع کردیا، 57 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان (30) اور دنیش رامدین (0) آؤٹ ہوگئے۔
گزشتہ میچ میں اپنی بیٹنگ سے سب کو متاثر کرنے والے آغا سلمان اس مرتبہ ناکام رہے اور 13 رنز بناکر ثمین گل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین سہیل اختر تھے جن کی بری فارم کا سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ 12 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ کھیل رہے حسن علی کی گیند پر سنیل نارائن کلین بولڈ ہوگئے۔
نارائن کے بعد آنے والے بلے باز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ عمر اکمل، سہیل خان اور یاسر شاہ بھی بالترتیب 15، 4 اور صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز سلمان ارشاد تھے جو حسن علی کی گیند پر ڈوئن اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح لاہور کی پوری ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور لائن ڈوسن نے تین، وہاب ریاض نے دو جبکہ ثمین گل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کےخلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈیرن سیمی کی انجری کے باعث محمد حفیظ ان کی جگہ پشاور زلمی کے لیے کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پشاور کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ بولر کرس جارڈن کی جگہ حسن علی جبکہ انجرڈ ڈیرن سیمی کی جگہ ڈاؤسن کو موقع دیا گیا ہے۔
حسن علی انجری کے باعث اب تک کوئی بھی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
دفاعی چیمپئن پشاور زلمی ایونٹ میں 4 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 2 میچز میں ناکامی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث وہ آج کے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پشاور زلمی کے کھلاڑی حارث سہیل پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہوگئے ہیں جس کے باعث انہیں آرام دیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے اور میکلم الیون نے ایونٹ کے 4 میچز میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی ہے جس کے بعد ان کے لیے اگلے مرحلے میں ٹاپ 4 میں پوزیشن بنانا مشکل ہے۔