بھارت کی میگا بجٹ فلم کے ساتھ ہاتھ ہوگیا

بھارت کی میگا بجٹ فلم ’2.0‘ کا ٹیزر ریلیز ہونے سے پہلے ہی آن لائن لیک ہوگیا۔

رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ بھارت کی سب سے زیادہ بجٹ والی فلم ہے جس پر 450 کروڑ کی لاگت آئی ہے۔

فلم میں رجنی کانت اور اکشے کمار پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے جب کہ فلم میں مداحوں کو ان دونوں کے ایک سے زائد روپ دیکھنے کو ملیں گے۔

فلم کی نمائش اب تک مسلسل 5 مرتبہ ملتوی کی جاچکی ہے اور فلمساز دیوالی کے موقع پر فلم کی ریلیز کے خواہش مند ہیں لیکن عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی وجہ سے ’2.0‘ کی ریلیز پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں۔

بھارتی میگا بجٹ فلم ریلیز کی تاریخ نہ ملنے کے بعد ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے اور فلم کا ٹیزر جاری ہونے سے پہلے ہی آن لائن لیک ہوگیا ہے۔

ٹیزر لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے اور کئی ٹوئٹر صارفین نے اس کی وجہ فلمسازوں کی جانب سے بار بار فلم کی نمائش ملتوی کیے جانے کو قرار دیا ہے۔

فلم کا ٹیزر لیک ہونے کی خبر فلمی کاروبار پر نظر رکھنے والے رمیش بالا نے دی ہے اور ٹیزر کے باقاعدہ جاری ہونے سے قبل آن لیک کو حیران کن قرار دیا۔

فلمسازوں کی جانب سے آن لائن ٹیزر لیک ہونے کی خبر کے بعد فوری ایکشن لیا گیا اور  سوشل میڈیا سے ٹیزر ہٹائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ بالی وڈ کی کئی فلمیں ریلیز ہونے سے قبل ہی آن لائن لیک ہوچکی ہیں جس میں ’اڑتا پنجاب‘، ’سلطان‘ اور ’ ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ سمیت کئی شامل ہیں۔

Comments
Loading...