کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے لئے ٹکٹوں کی قیمت جاری

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے ٹکٹوں کی پرائس لسٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق شائقین کرکٹ کو ایک ہزار روپے سے 12 ہزار روپے تک ٹکٹ دستیاب ہوگا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں بھرپور انداز میں کی جارہی ہیں وہیں فائنل کے لئے شائقین کو ٹکٹ 15 مارچ کے بعد دستیاب ہوں گے۔

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ملنے والے ٹکٹس آن لائن اور پی سی بی کی جانب سے مقرر کردہ نجی کمپنیوں کی دکانوں میں دستیاب ہوں گے۔

فائنل ٹاکرے کا سب سے کم ٹکٹ جنرل انکلوژر کا ہوگا جس کی قیمت ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

آصف اقبال، وقار حسن اور ماجد خان انکلوژر کے لئے فی ٹکٹ 4 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا جب کہ اسپیشل چلڈرن، قائد انکلوژر، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

حنیف محمد، فضل محمود اور جاوید میانداد انکلوژر کا فی ٹکٹ 12 ہزار روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے 3 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں سے 2 میچز لاہور اور فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

Comments
Loading...