‘زرداری نواز سے اتحاد نہیں ہو سکتا، 2018ء کے انتخابات فیصلہ کن قرار’

اسلام آباد:  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان نواز شریف اور آصف زرداری نے پہنچایا اس لیے ان دونوں سے کوئی اتحاد نہیں ہو سکتا، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فلسفے پر تحریک انصاف کا منشور تیار کر رہے ہیں ،2018 کا الیکشن فیصلہ کن ہو گا۔

 اسلام آباد میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ دور نئے آئیڈیاز کا ہے، ہم جو کریں گے یہ وہی فالو کریں گے، اپنے آئیڈیاز ابھی نہیں بتاؤنگا، ڈر ہے مریم نواز کی ٹیم کاپی کر لے ، اب تو نوازشریف بھی کہتے ہیں وہ نیا پاکستان بنائیں گے۔ ۔

عمران خان نے ایک بار پھر نیا پاکستان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے پرانے پاکستان کی تمام پالیسیاں مسترد کر دیں، کپتان نے غریبوں کو غربت سے نکالنے کا عزم ظاہر کیا۔ عمران خان نے کہا بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلا کر رہیں گے، کچھ سیاسی جماعتیں قیمے کے نان کھلا کر جلسے کامیاب کراتی ہیں، تحریک انصاف کے جلسوں میں لوگ خود چلے آتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران کا سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب میں مزید کہنا تھا پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس نے 2 پارٹی سسٹم توڑا، سیاست میں اوپر آنے کیلئے نئی نئی چیزیں کرنا پڑیں، آج باقی جماعتیں بھی ہمیں فالو کر رہی ہیں ، جلسوں میں جنون قیمے والے نان سے نہیں آتا، نون لیگ کے پاس جنونی سوشل میڈیا ورکرز نہیں، نون لیگ نے پیسے دیکر لوگ خریدے۔

Comments
Loading...