کوئٹہ پشاور کیخلاف 6 وکٹوں سے کامیاب، لاہور پی ایس ایل 3 سے باہر

دبئی: کپتان سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ اننگز کے باعث پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ کی فتح کے نتیجے میں لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے جو اب تک کھیلے گئے 7 میچوں میں سے صرف ایک سے کامیاب ہوسکی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے لیے اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا۔

اسد شفیق 30 رنز کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز شین واٹسن تھے جو عمید آصف کی گیند پر فائن لیگ پر کھیلنا چاہتے تھے تاہم وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔

کیون پیٹرسن نے لائم ڈوسن کے اوور میں دو چھکے لگائے تاہم اوور کی آخری گیند پر ڈوسن نے ان کی وکٹ لے کر حساب پورا کردیا۔

رمیز راجہ جونیئر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 9 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر ڈیرن سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

14ویں اوور کے اختتام پر کوئٹہ نے 109 رنز بنالیے تھے جبکہ ریلی روسو اور سرفراز احمد کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ڈوئن اسمتھ کے جارحانہ آغاز کی بدولت پشاور زلمی نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف 157 رنز اسکور کیے۔

 کامران اکمل محمد نواز کی شاندار گیند کا نشانہ بنے اور بغیر کوئی رن بنائے اپنی پہلی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈوئن اسمتھ اور محمد حفیظ نے مل کر 56 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی تاہم 49 رنز کے انفرادی اسکور پر ڈوئن اسمتھ آؤٹ ہوگئے۔

ڈوئن اسمتھ نے اپنی اننگز میں پانچ فلک شگاف چھکے لگائے تاہم واٹسن کی گیند پر وہ کیون پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈوئن اسمتھ کے بعد محمد حفیظ بھی لافلن کی گیند پر 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خوش دل شاہ اور لائم ڈاؤسن بالترتیب 4 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر کپتان سیمی اور رکی ویسلز کی 56 رنز کی شراکت نے زلمی کو قابل دفاع اسکور 157 رنز تک پہنچادیا۔ سیمی 36 جبکہ ویسلز 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن نے دو جبکہ راحت علی، محمد نواز اور بین لافلن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت پر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسرے راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا ہے اور اب تک 7 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر موجود ہے۔

دفاعی چیمپئنز پشاور زلمی 7 میچز میں سے صرف 3 میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے۔

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دی تھی۔

Comments
Loading...