سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے کراچی کو سپر اوور میں شکست دیدی

دبئی: لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے 163 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں لاہور نے بھی 163 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیا جس کے بعد میچ سپر اوور میں چلا گیا۔

کراچی کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کروایا جس کی پہلی گیند پر فخر زمان رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد قوانین کے مطابق لاہور کی صرف ایک ہی وکٹ بچی تھی۔

تاہم اس اوور میں برینڈن میکلم نے اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگایا جس کے نتیجے میں اوور کے اختتام پر لاہور 11 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور کراچی کو 12 رنز کا ہدف دیا۔

برینڈن میکلم نے اس موقع پر گیند سنیل نارائن کو دی جو فیصلہ درست ثابت ہوگیا۔ آف اسپنر نے انتہائی شاندار اوور کروایا اور پہلی پانچ گیندوں پر صرف دو رنز ہی دیے۔

شاہد آفریدی نے اوور کی آخری گیند پر چھکا لگادیا تاہم لاہور میچ میں فاتح رہا۔

لاہور کو آخری گیند پر دو رنز درکار تھے تاہم ایک ہی رن بن سکا اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔

 لاہور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اینٹن ڈیوچچ تھے جو محمد عرفان جونیئر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو 26 گیندوں پر 28 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر شکار بنے۔

سنیل نارائن ایک مرتبہ پھر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور محمد عرفان جونیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

18ویں اوور کے اختتام پر لاہور قلندرز نے 140 رنز بنالیے تھے جبکہ سہیل اختر اور سہیل خان کریز پر موجود تھے۔

Comments
Loading...