
چیئرمین سینیٹ: نواز شریف کچھ دیر بعد اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کچھ دیر بعد کریں گے۔
حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو امیدواروں کے ناموں کے اعلان کا اختیار دے رکھا ہے اور کچھ دیر بعد نواز شریف چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کا اعلان کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کی جانب سے رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد نہ کیا گیا تو وہ اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔
پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے منتخب آزاد سینیٹرز کے گروپ کے نامزد امیدوار صادق سنجرانی کی حمایت کی ہے اور تحریک انصاف نے بھی اسی امیدوار کی حمایت کر رکھی ہے۔
حکمراں جماعت اور اتحادیوں کی جانب سے نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ (ن) کی نزہت صادق کو ڈپٹی چیئرمین نامزد کرنے کا امکان ہے۔
(ن) لیگ اور اتحادی تذبذب کا شکار
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے امیدواروں کے انتخاب میں تذبذب کا شکار ہیں، جماعت اسلام اور بی این پی مینگل نے ممکنہ امیدوار میر حاصل بزنجو کی حمایت سے انکار کردیا۔
دونوں جماعتوں نے پیغام بھجوایا ہے کہ اگر چیئرمین سینیٹ کے لئے مشاہداللہ اور راجہ ظفرالحق امیدوار ہوئے تو حمایت کریں گے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی اور بی این پی مینگل کے پاس سینیٹ میں ایک ایک نشست ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پرویز رشید اور مشاہد اللہ میں سے ایک کے انتخاب کا فیصلہ کیا تھا اور پرویز رشید کی معذرت کے بعد مشاہد اللہ اور حاصل بزنجو کے ناموں پہ غور ہوا۔
چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے امیدواروں کے ناموں کے حتمی فیصلے کے لئے آج پھر ایک مشاورت بیٹھک ہوگی جس کے بعد نواز شریف اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔