شامی فورسز کی فضائی کارروائی میں مزید 42 شہری ہلاک

دمشق: شامی فورسز کی باغیوں کے زیرقبضہ مشرقی علاقے غوطہ میں تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں مزید 42 شہری ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فضائیہ نے مشرقی غوطہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 42 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ سرکاری ٹی وی کے مطابق فوج نے مودیرا کے علاقے کا محاصرا کرلیا ہے۔

شامی فورسز نے دارالحکومت دمشق سے 10 کلومیٹر دور علاقے مسربا کے بعد ڈوما کا کنٹرول بھی سنبھال لیا جس کے بعد فورسز کی غوطہ کی جانب تیزی سے پیش قدمی جاری ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق مشرقی غوطہ میں 4 لاکھ شہری محصور ہیں، سماجی کارکن نور آدم کے مطابق سرکاری فوج کی ڈوما میں بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 16 افراد مارے گئے جب کہ جوبر میں 8 افراد اور ہاراسٹا، زملکا اور آربن کے علاقوں میں 22 افراد ہلاک ہوئے۔

شام میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق مشرقی غوطہ میں 18 فروری سے شروع ہونے والی شامی فوج کی بمباری کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار 99 شہری ہلاک ہوچکے ہیں جس میں 227 بچے اور 145 خواتین شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 21 روز کے دوران بمباری کے نتیجے میں 4 ہزار 378 افراد زخمی بھی ہوئے۔

Comments
Loading...