
جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرربادا پر2 ٹیسٹ میچوں کی پابندی
پورٹ الزبتھ : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ربادا پرکوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر2 ٹیسٹ میچز کی پابندی اور جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرکگیسوربادا نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ ہونے کے بعد ان کے کندھے پر ہاتھ مارا اور ان پر چلائے۔
جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر میچ ریفری جیف کرو نے آئی سی سی قوانین کے تحت ربادا پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا اور انہیں 3 ڈیمیرٹ پوائنٹس بھی دیے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق 2 سال کے دوران اگر کوئی کھلاڑی 8 ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس پر دو میچز کی پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ کرکٹ جنوبی افریقہ کے پاس ربادا کے معاملے پر آئی سی سی میں اپیل کرنے کے لیے دو دن کا وقت ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سریز کے پہلے میچ میں آسٹریلوی اسپنرناتھن لیون کو آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ اور ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر اسی میچ میں جھگڑا کرنے پر میچ فیصد کا 75 فیصد جرمانہ اور 3 ڈیمیرٹ پوائنٹس دیے گئے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک پر بھی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔