
نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کا مشن جاری رکھیں گے، شہباز شریف
اہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست کی بجائے مفاہمت اور انسانی بنیادوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں مریم نواز بھی موجود تھیں، شہباز شریف نے نواز شریف سے ان کی طبعیت دریافت کی اور ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی منگل کے روز بیرون ملک روانگی کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔
بعد ازاں اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کے لیے نیک خواہشات اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر حکومتی اتحادی (ق) لیگ، ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویزالہی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھی شکر گزار ہیں، اے این پی اور پیپلزپارٹی کے بھی بے حد مشکور ہیں جہنوں نے نوازشریف کے لئے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کے لئے پیغامات بھجوائے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوازشریف کی ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں، مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ان کو مشن کو جاری رکھے گی۔