
جب تک زندہ ہوں کرپٹ ٹولے کیخلاف جنگ جاری رکھوں گا، عمران خان
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں ڈاکوؤں اور کرپٹ ٹولے کے خلاف جنگ جاری رکھوں گا۔
جہلم میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک میں چھوٹا طبقہ امیر اور قوم غریب ہورہی ہے۔ ملک کو قرضوں کے دلدل میں ڈبو دیا گیا ہے، 9 سال پہلے ہر پاکستانی پر 35 ہزار روپے قرضہ تھا، پھر ان 9 برسوں میں آصف زرداری اور نوازشریف کا دور آیا جس کے بعد ہر پاکستانی ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہوگیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اوپر بیٹھے لوگ ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں، قوم کی دولت چوری ہوکر جب بیرون ملک جاتی ہے تو حکومتوں کو اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینا پڑتا ہے، پھر قرض کی قسطیں دینے کے لیے ٹیکس لگائے جاتے ہیں، چوری کوئی کررہا ہے اور قیمت عوام ادا کرتے ہیں۔ دنیا میں پیٹرول کی قیمت کم لیکن ہمارے ملک میں اوپر جارہی ہے، ہر چیز پر ٹیکس لگایا جارہا ہے۔