فخر زمان کی نصف سنچری، لاہور کوئٹہ کیخلاف 17 رنز سے کامیاب

شارجہ: فخر زمان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے 26ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کی کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔

کوئٹہ کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز شین واٹسن تھے جو شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز جیسن روئے تھے جو سنیل نارائن کی گیند پر 36 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کیون پیٹرسن نے سنیل نارائن کی گیند پر شاندار چھکا لگایا تاہم اگلی ہی بال پر ویسٹ انڈیز کے گیند باز نے انہیں آؤٹ کرکے پویلین روانہ کردیا۔

رمیز راجہ جونیئر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور سات رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر فخز زمان کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز انور علی تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر چار رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز احمد اور محمد نواز نے کوئٹہ کے لیے کوشش کی تاہم مطلوبہ رن ریٹ بڑھتا رہا اور کوئٹہ اختتامی اوورز میں مطلوبہ رن ریٹ کو قابو رکھنے میں ناکام رہی۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو 27 رنز درکار تھے تاہم وہ 9 ہی رنز بناسکے۔ اس طرح لاہور کو 17 رنز سے فتح نصیب ہوئی۔

لاہور کی جانب سے سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو، دو جبکہ شاہین آفریدی اور مچل مگلینیگن نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بلے باز فخر زمان کے پاکستان سپر لیگ تھری کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔

 لاہور کی پہلی وکٹ اینٹن ڈیوسچ کی صورت میں گری جو راحت علی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز سلمان آغا تھے جو میر حمزہ کی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم وہ بال کو مس کرگئے اور بولڈ ہوگئے۔

برینڈن میکلم نے خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر 5 رنز بناکر نوجوان اسپنر حسان خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔

تین وکٹیں گرنے کے باوجود دوسرے اینڈ سے فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس لگاکر کوئٹہ کے بولرز کو پریشان کیے رکھا۔

فخز زمان نے 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ پی ایس ایل تھری کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

فخر کی وکٹ انور علی نے حاصل کی جبکہ ان کا کیچ لانگ آف پر حسان خان نے پکڑا۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے باوجود لاہور کے بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور گلریز صدف نے 27 گیندوں پر 42 جبکہ سنیل نارائن نے 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ دونوں بلے باز اننگز کے اختتام تک کریز پر موجود رہے۔

شاندار اننگز کھیلنے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

Comments
Loading...