Official Web

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان فتح کی جانب گامزن

راولپنڈی: 

پاکستان کے 445 رنز کے جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار ہے، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالیے ہیں۔  

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز کے ساتھ دوبارہ کیا تو بابر اعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

کھیل کے آغاز پر ہی پاکستان کو بابراعظم کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، وہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور 143 رنز میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔ 355 رنز پر اسد شفیق بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 374 رنز پر گر گئی، محمد رضوان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔  415 رنز پر پاکستان کی ساتویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری، انہوں نے صرف 5 رنز بنائے۔  422 رنز پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ  گرگئی، شاہین شاہ آفریدی 3رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 442 رنز پر پاکستان کی نویں وکٹ گری، حارث سہیل 75 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 445 رنز پر پاکستان کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے  روبیل حسین اور ابوجائید نے 3،3 ، تیج الاسلام نے 2 جب کہ عبادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار ہے اور پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے 80 سے زائد رنز درکار ہیں، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیش کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 اور پاکستان کی ٹیم 445 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

Comments
Loading...