
پیرس میں مسلح شخص کا حملہ، 2 افراد ہلاک
فرانس کے دارالحکومت پیرس کی سپر مارکیٹ میں مسلح شخص کے حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس کے علاقے ٹیریبس میں مسلح شخص نے ایک سپر مارکیٹ میں اندھا دھند فائرنگ کی اور متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کا محاصرہ کیا اور تقریباً 3 گھنٹے جاری رہنے والے واقعے میں حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔
فرانس کی وزارت داخلہ نے سپر مارکیٹ میں ہونے والے حملے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور داعش سے متاثر معلوم ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ جمعے کے روز پولیس پر ہونے والے حملے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس میں ایک شخص نے کارکیسون کے علاقے میں چار پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور انہیں کچلنے کی بھی کوشش کی۔ بعدزاں وہی گاڑی سپر مارکیٹ کے قریب سے بھی برآمد ہوئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے پیرس میں 2015 میں ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ صالح عبد السلام کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
برسلز میں یورپی یونین سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود فرانس کے صدر ایمینوئیل میکرون نے سپر مارکیٹ حملے کو دہشت گرد کارروائی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر وطن جانے کا فیصلہ کیا ہے۔