
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہوگا
کوئنز ٹاؤن:آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 131 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
جس کے بعد سیمی فائنل میں اب بھارت کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا، جو پہلے ہی سیمی فائنلز میں جگہ بنا چکا ہے۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل پیر 29 جنوری کو افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔
جبکہ منگل 30 جنوری کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹکرائیں گے۔
دونوں سیمی فائنلز پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے (نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے) شروع ہوں گے۔
ہر دو سال بعد منعقد ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز ہفتہ 13جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہوا ہے۔
16 ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 3 فروری تک جاری رہے گا، جس میں شریک ٹیموں کو چار چار کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔