دانتوں کی صفائی، شوگر سے محفوظ رکھنے میں‌ معاون

کیلی فورنیا: امریکا کے طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ ذیابیطس کے مرض سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو دانتوں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور اس کے لیے خاص طور پر اقدامات کریں۔

تفصیلات کے مطابق ذیابیطس (شوگر) ایسا موذی مرض ہے کہ جو اس میں مبتلا ہوجائے پھر اُس کی صحت تیزی سے گرتی ہے اور دوسری اہم بات یہ ہے اسکے لاحق ہونے سے انسان بہت جلد موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

کیلی فورنیا کے نیشنل میڈیکل سینٹر میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ اپنے منہ اور خصوصاً دانتوں کی صفائی کا خیال نہیں رکھتے اُن میں شوگر کا مرض ہونے کے خطرات بڑی حد تک بڑھ جاتے ہیں۔

طبی ماہر رینالڈ سماؤ کا کہنا ہے کہ مطالعے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جس شخص کے دانت نہ ہوں یا پھر ان کے درمیان بہت زیادہ خلا ہو تو وہاں پر گلوکوز کی کمی پیدا ہوسکتی ہے جس کے باعث بیماری جنم لیتی ہے۔

تحقیق میں 20 سال کی عمر کے 9 ہزار 6 سو 70 لوگوں کو شامل کیا گیا جنہوں نے 2009 سے 2014 تک اپنے دانتوں کا باقاعدہ معائنہ کروایا اور ان کی صحت کا بھرپور انداز میں خیال بھی رکھا ایسے لوگ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا نہیں ہوئے۔

اس کے برعکس وہ لوگ جن کے دانت گر گئے یا پھر اُن کے درمیان خلاء ہے انہیں گلوکوز کی مناسب مقدار نہیں ملی جس کے باعث انہیں  شوگر کا مرض لاحق ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی، شراب پینے کی عادت کی وجہ سے دانت خراب ہوتے ہیں جو اس مرض کے بڑھنے کی وجہ بنتے ہیں جبکہ جن خاندانوں میں پہلے ہی سے شوگر  کی بیماری پائی جاتی ہے وہاں بھی یہ پھیلتی ہے۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جن لوگوں کے دانت ٹوٹ گئے یا پھر اُن کے درمیان خلا تھا اُن لوگوں میں شوگر کا مرض بڑھنے کے 45.57 فیصد امکانات بڑھ گئے اس کے برعکس وہ لوگ جو اپنے دانتوں کی حفاظت کرتے ہیں اُن میں شوگر کا مرض لاحق ہونے کے خطرات 67.61 فیصد ہیں۔

Comments
Loading...