روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری

راچی: روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے دن روپے کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔ بینکوں کے درمیان لین دین میں ڈالر مزید 37 پیسے بڑھ گیا۔

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 115 روپے 77 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 116 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ روپے کی قدر میں گزشتہ 3 ماہ میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دسمبر میں بھی روپے کی قدر میں پانچ فیصد کمی ہوئی تھی جبکہ پانچ فیصد کمی گزشتہ دنوں بھی ریکارڈ کی گئی۔

روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے ملک پر واجب الادا قرضوں میں 490 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی مارکیٹ کے مطابق ہے۔

ماہرین معاشیات کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک پر واجب الادا قرضوں کے حجم میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک روپے ڈالر مہنگا ہونے سے غیر ملکی قرضوں میں 90 ارب روپے کا اضافہ ہوتا ہے۔

Comments
Loading...