
شنگھائی الیکٹرک کو کے الیکٹرک کی فروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا
راچی : چائینز کمپنی شنگھائی الیکٹرک کو کے الیکٹرک کی فروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا، کے الیکٹرک خریدنے کیلئے شنگھائی الیکٹرک کے اظہار دلچسپی کے خط کی مدت تیسری بار ختم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کےا لیکٹرک خریدنے کیلئے شنگھائی الیکٹرک کےاظہار دلچسپی کےخط کی مدت ختم ہوگئی ، 26 مارچ کو شنگھائی الیکٹرک کے اظہار دلچسپی کے خط کی مدت تیسری بار ختم ہوئی۔
شنگھائی الیکٹرک, کے الیکٹرک کے 66 فیصد شئیرز خریدنا چاہتی تھی اور کےالیکٹرک کوخریدنے کےاپنے فیصلےپر اب بھی قائم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملٹی ائیر ٹیرف کا منظور نہ ہونا کے الیکٹرک کی فروخت میں بنیادی رکاوٹ ہے جبکہ پونے 2سال میں بھی کے الیکٹرک کی فروخت کامعاملہ اظہاردلچسپی کے خط سےآگے نہ بڑھ سکا۔
شنگھائی الیکٹرک کی جانب سے کے الیکٹرک کوخط موصول ہوا ، جس میں کے الیکٹرک کی فروخت کے ڈیل منیجر عارف حبیب لمیٹڈ نے بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔
ڈیل منیجرعارف حبیب لمیٹڈ نے ایس ای سی پی سے مزید رہنمائی مانگ لی ہے اور اظہار دلچسپی کے نئے خط کیلئے ایس ای سی پی سے رابطہ کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 2005 میں نجی شعبے میں تبدیل کردیا گیا تھا اور چار سال بعد دبئی کے ایک گروپ نے اس کے حصص خرید لیے تھے جس کے بعد 2009 سے یہ کمپنی ابراج گروپ کے ماتحت ہوگئی تھی۔
کے الیکٹرک کے چھیاسٹھ فیصد حصص دبئی کی کمپنی ابراج گروپ کے پاس ہیں جبکہ بقیہ چوبیس فیصد حصص حکومت پاکستان کے پاس ہیں، کے الیکٹرک کراچی کو بجلی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے ۔