
لیجنڈ آف مولا جٹ کو لیکر نور بخاری کی فواد اور ماہرہ پر تنقید
کراچی: پاکستانی سابق اداکارہ، ہدایتکار، ماڈل اور شو کی میزبان نور بخاری نے مولا جٹ کے سیکوئل ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں کام کرنے پر فواد چودھری اور ماہرہ خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجابی ’گنڈاسا‘ کلچر میں کردار نبھانے پر نور بخاری نے فواد خان اور ماہرہ خان کو کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی لوگ شان جیسے اداکار کو پنجابی فلمیں کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔
نور بخاری نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریلیز ہوئی تو مجھے ایک بات یاد آئی لیکن میں اس وقت خاموش رہی کیونکہ پھر لوگ کہتے ہیں کہ میں بہت تنقید کرتی ہوں لیکن وہی بات کہ باقی اداکار بھی تو ہم کو ٹرول کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شان اور مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور ہمیں پنجابی فلمیں کرنے پر اداکار کہتے تھے کہ تم ایسے کپڑے کیوں پہنتے ہو اور پنجابی بولتے ہو، تمہیں ایسا کیوں کرنا پڑتا ہے؟ شان ایسا کیوں کرتا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔ اب جب کہ فواد خان اور ماہرہ خان نے پنجابی فلم میں کام کیا اور ویسی ہی وضع قطع اختیار کی تو ان دونوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں کہ فواد اور ماہرہ نے پنجابی فلم کیوں کی؟
واضح رہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اپنی مسلسل تنزلی کی وجہ سے ہمیشہ عوامی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اس عید پر کوئی بھی فلم سینما گھر میں اچھی نہیں چلی۔ منی بیک گارنٹی وہ فلم تھی جس پر زبردست تنقید ہوئی۔ دوسری جانب پنجابی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے بہت اچھا بزنس کیا اور کافی اداکاروں نے اسے پسند کیا اور مداح خوش تھے کہ انہوں نے ایک اچھی پنجابی فلم دیکھی۔