
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے انڈونیشیا کے صدر کی ملاقات
اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر جو کو وڈوڈو کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
انڈونیشیا کے صدر گزشتہ روز دو روزہ دورے پاکستان پہنچے اور آج اپنے دورے کے آخری روز وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جب کہ جے ایف تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کرتے ہوئے معزز مہمان کو سلامی بھی دی۔
بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا میں قید پاکستانی شہری ذوالفقار کی رہائی کا معاملہ زیر بحث ہے اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں یقین دہانی کروائی تھی کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ذوالفقار کا معاملہ صدر انڈونیشیا کے دورے کے موقع پر اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی انڈونیشیا کے صدر سے اپیل کریں گے کہ ذوالفقار کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے وطن واپس بھیج دیا جائے۔