
انسٹا گرام نے متحرک تصاویرکا آپشن دوبارہ بحال کردیا
واشنگٹن: انسٹا گرام نے متحرک تصاویر (GIF Images) کے آپشن کو دوبارہ بحال کردیا جس کے بعد صارفین ایک بار پھر سے ’جیف فائل‘ والی تصاویر استعمال کرسکیں گے۔
انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ نے GIPHY کی جانب سے نسل پرستانہ GIF Images جاری کرنے پر ان متحرک تصاویر کے آپشن کو بند کردیا تھا تاہم مذکورہ کمپنی کی جانب سے اپنے اس رویے پر معافی مانگنے اور آئندہ کسی قسم کے نسل پرستانہ اور نفرت آمیز جیف ایموجیز جاری نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد انسٹاگرام نے جیف امیجز کا آپشن بحال کردیا۔
سب سے پہلے برطانیہ کے 21 سالہ نوجوان نے اسنیپ چیٹ پر GIPHY کی نفرت آمیز اور نسل پرستی پر مبنی GIF امیجز سے متعلق شکایت کی تھی جس کے بعد انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ نے اس سے متعلق تحقیقات کیں اور شکایت کو درست مانتے ہوئے جیف امیجز کو بند کردیا تھا۔
انسٹا گرام حکام نے GIF امیجز کو بحال کرنے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں اور GIPHY سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی یقین دہانی پر جیف کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے تاہم اب بھی ہم ان امیجز پر گہری نگاہ رکھیں گے کیوں نفرت آمیز اور نسل پرستی پر مبنی مواد کی کسی طرح حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی۔
جیف امیجز بنانے والی کمپنی GIPHY نے نسل پرستی پر مبنی امیجز پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نفرت آمیز مواد کی حمایت نہیں کرتی ہے اور ہمیشہ ایسی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی ہے یہی وجہ ہے کہ اطلاع ملتے ہی اسٹیکرز میں ترمیم کردی گئی ہے اور فلٹرز میں پیدا ہونے والے مسائل کو بھی دور کردیا گیا ہے۔