شہبازشریف سے چوہدری نثار کی ملاقات، ایک دوسرے سے گلے شکوے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس کے دوران پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار  اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ہونے والی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی جس کے دوران ملکی حالیہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران چوہدری نثار نے انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دوران گفتگو چوہدری نثار کو کہا کہ انہیں پارٹی کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار پارٹی کا اثاثہ ہیں، حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی قیادت سے ناراض تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اہم مشاورتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرنا چھوڑ دیا تھا۔

پارٹی رہنماؤں اور قائد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد چند روز قبل چوہدری نثار نے اپنے ردعمل کا بھی اظہار کیا تھا۔

Comments
Loading...