
امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ میں مزید شدت آگئی
بیجنگ: امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ میں مزید شدت آگئی، چین نے 106 امریکی مصنوعات کی فہرست جاری کردی ہے جن پر اضافی ٹیکس عائد کیے جائیں گے۔
ان مصنوعات پر نئے ٹیکسز کے نفاذ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جن مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سویابین، تمباکو، گاڑیاں، کیمیائی پروڈکٹس، ہوائی جہاز اور دیگر آئٹمز شامل ہیں جبکہ اضافی ٹیکس سے 50 ارب ڈالر تک کی امریکی مصنوعات متاثر ہوں گی۔
چین نے یہ اقدام امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر ٹیکس کے ممکنہ نفاذ کے جواب میں اٹھایا ہے۔ عالمی کمپنیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان تجارتی جنگ کی بڑھتی ہوئی شدت سے عالمی معیشت کی بحالی کو جھٹکا لگ سکتا ہے۔
امریکی مصنوعات کی فہرست کے اجراء پر چینی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کررہا ہے۔ امریکی مصنوعات کی درآمد پر 25 فی صد تک ٹیکس کے نفاذ کی تاریخ کا اعلان اس بات پر منحصر ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کب چینی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا اطلاق کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی حکام نے چینی مصنوعات کی فہرست گذشتہ روز جاری کی تھی جن پر ٹیکس کی شرح 25 فی صد تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
امریکی اقدام کے جواب میں چینی حکام نے خبردار کیا تھا کہ وہ اتنی ہی شدت سے جواب دیں گے۔ اسی لیے چین کی جانب سے جاری کردہ 106 اشیاء کی فہرست میں چین کو امریکا کی سب سے بڑی برآمداتی مصنوعات بھی شامل ہیں۔