
’کوہستان میں 354 سکول چھت سے محروم‘
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے پسماندہ ضلع کوہستان میں حکام کے مطابق 354 سکول ایسے ہیں جو چھت سے محروم ہیں یا سکول کی عمارت ہی موجود نہیں ہے۔
تعلیمی حکام کے مطابق سکولوں کی اس حالت سے 30 سے 40 ہزار کے قریب بچے متاثر ہیں۔ سکولوں میں داخلے کی شرح اور سیکھنے کے معیار کے نتائج بھی غیر تسلی بخش دکھائی دیتے ہیں۔
87 ہزار نفوس پر مشتعمل یہ وادی کندیا ہے جو داسو سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر مشرق کی طرف واقع ہے جہاں 200 کے قریب بچے ریت پر بیٹھ کر کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اگرچہ یہاں سکول کی کوئی عمارت موجود تو نہیں لیکن ندی کے کنارے زمین کے اس ٹکڑے کو گورنمنٹ پرائمری سکول جشوئی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اس سکول میں گرد و نواح کے درجن بھر دیہات سے طلبا پڑھنے کے لیے آتے ہیں۔ سکول کی عمارت سنہ 2010 کے سیلاب میں دریا برد ہوئی تھی۔