
2017-18ءکے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 344.35 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے، منصوبہ بندی کمیشن
اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) رواں مالی سال 2017-18ءکے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 344.35 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے ہیں جن میں 67.6 ارب روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے جو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری کی گئی ہے۔ منصوبہ بندی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کا بجٹ 1001 ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ اب تک پی ایس ڈی پی کے تحت تقریباً 34.4 فیصد کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے اور توقع ہے کہ مالی سال کے اختتام تک پی ایس ڈی پی کے تحت مختص کئے گئے بجٹ کے ترقیاتی فنڈز کے اجراءکو یقینی بنایا جائے گا۔